ٹوکیو،7؍ستمبر(ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا)جنوبی کوریا کے صدر مُون جے اِن اور جاپان کے وزیراعظم شینزو آبے کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کمیونسٹ ملک شمالی کوریا کے خلاف سخت موقف اپنانے پر اتفاق کیا گیا۔ یہ ملاقات روس کے شہر ولاڈی ووسٹک میں ہوئی، جہاں یہ دونوں رہنما ایسٹرن اکنامک فورم میں شرکت کے لیے گئے ہوئے تھے۔ اس ملاقات میں شمالی کوریائی جوہری ہتھیار سازی سے پیدا ہونے والے بحران کے تناظر میں اقوام متحدہ کی جانب سے انتہائی سخت پابندیوں کی قرارداد مرتب کرنے پر بھی دونوں لیڈروں نے رضامندی ظاہر کی۔ ولاڈی ووسٹک میں جاپانی وزیراعظم آبے نے رپورٹرز کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ شمالی کوریا کے بار بار اشتعال انگیز اقدامات نے خطے کی سلامتی کو ناقابلِ مثال خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔